Time 20 مارچ ، 2022
پاکستان

تحریک عدم اعتماد: قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ کو طلب کر لیا گیا

اسلام آباد: اپوزیشن کی کال پر قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ کو طلب کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ اسپیکر اسد قیصر کے گھر میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، اجلاس میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے حکام اور قانونی ماہرین  سے مشاورت کے بعد طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ کو بلائے جانے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ بروزجمعہ صبح 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہو گا، اجلاس اپوزیشن کی جانب سے جمع کرائی گئی ریکوزیشن پر طلب کیا گیا ہے۔

اپوزیشن کی جانب سے قومی اسمبلی کا اجلاس بلائے جانے کے لیے 14 روز کی آئینی مدت 21 مارچ کو ختم ہو رہی ہے۔

تاہم قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ او آئی سی اجلاس کے باعث قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ کو طلب کیا گیا ہے۔

ڈی سی اور چیئرمین سی ڈی اے نے موزوں جگہ نہ ہونے سے تحریری آگاہ کیا، اسپیکر

قومی اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے میں مرحوم ایم این اے کی دعائے مغفرت کو شامل کیا گیا ہے اور اس کے بعد اجلاس کو آگے بڑھانے کا فیصلہ اسپیکر قومی اسمبلی کی صوابدید ہے۔

قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے 25 مارچ کوقومی اسمبلی اجلاس بلانے کی وجوہات بھی حکم نامے میں بیان کردیں۔

اسپیکر کا کہنا ہے کہ 8 مارچ کو اجلاس بلانے کی ریکوزیشن اپوزیشن کی جانب سے موصول ہوئی، قومی اسمبلی نے او آئی سی اجلاس قومی اسمبلی ہال میں انعقادکیلئے21 جنوری کوقراردادمنظورکی تھی اور قومی اسمبلی چیمبر کو فروری کے آخر میں تزئین وآرائش کیلئے وزارت خارجہ کے سپرد کیاگیا۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس کی ریکوزیشن ملتے ہی سینیٹ سیکرٹریٹ سے سینیٹ ہال دینے کی درخواست کی گئی لیکن سینیٹ سیکرٹریٹ نے بھی ہال کی تزئین و آرائش کے باعث چیمبر دینے سے انکار کیا۔

اسپیکر کا کہنا ہے کہ چیئرمین سی ڈی اے، ڈی سی اسلام آبادکوبھی اجلاس کیلئے موزوں جگہ تلاش کرنے کا کہاگیا لیکن ڈی سی اور چیئرمین سی ڈی اے نے موزوں جگہ نہ ہونے سے تحریری آگاہ کیا جس کے بعد تمام صورتحال کاجائزہ لےکر قومی اسمبلی اجلاس 25 مارچ کوبلانےکا فیصلہ کیا۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس 25 مارچ بروزجمعہ صبح 11 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔

خیال رہے کہ اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا رکھی ہے اور اس حوالے سے اپوزیشن نے گزشتہ روز بیان دیا تھا کہ اگر اسپیکر نے قومی اسمبلی کے 21 مارچ سے شروع ہونے والے اجلاس میں تحریک عدم اعتماد پر کارروائی آگے نہ بڑھائی تو ہم قومی اسمبلی میں ہی دھرنا دے دیں گے۔

اپوزیشن کے اس بیان کے بعد وفاقی حکومت نے قومی اسمبلی کا اجلاس 21 کے بجائے 25 مارچ کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

مزید خبریں :