Time 22 مارچ ، 2022
پاکستان

ایک چینل نے فقرے توڑ کر انٹرویو نشر کیا، اپنی بات پر قائم ہوں: منحرف رکن

پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رکن قومی اسمبلی احمد حسن دیہڑ نے کہا ہے کہ ایک چینل نے میری بات کو توڑ مروڑ کرپیش کیا جس کی شدید مذمت کرتا ہوں جبکہ اپنے مطالبات پر قائم ہوں۔

منحرف رکن قومی اسمبلی احمد حسن دیہڑ کا ویڈیو بیان میں کہنا ہے کہ گزشتہ روز ایک چینل نے میرا انٹرویو لیا، اس میں انہوں نے ایک ایک کلپ دکھایا، کلپ میں میں نے کسی وقت کہا تھا کہ عمران خان کو چھوڑنا بےغیرتی ہےاور اسے ارطغرل بھی کہتا تھا۔

ان کا کہنا تھاکہ ایک دن میں نے دیکھا عمران خان7 ایم پی ایز کو شامل کررہے ہیں جو ن لیگ کے ہیں تو میرا خوابوں کا محل ٹوٹ گیاکہ میرا لیڈریہ کررہا ہے، اس کے بعد میں بڑا دکھی ہوا اور یہی بات میں نے چینل کوبتائی لیکن انہوں نے میری بات کو توڑ مروڑ کرپیش کیا۔

رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھاکہ فقرے توڑ کر صرف یہی بات لگائی کہ ’عمران خان کو چھوڑنا‘، مجھے بہت دکھ ہے، اس طرح کی صحافت نہیں ہونی چاہیے، یہ زردصحافت ہے۔

انہوں نے کہا کہ غلط خبر کی میں پرُزور مذمت کرتا ہوں۔

احمد حسن کا کہنا تھاکہ میرے مطالبات وہی ہیں جو میں نے دوسرے چینلزپر دیے، اسی بات پر قائم ہوں، میرے خلاف سازش ہو رہی ہے، سازش کرنے والوں سے کہوں گا کہ خدا کیلئے باز رہیں۔

مزید خبریں :