24 مارچ ، 2022
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان لاہور ٹیسٹ کے چوتھے روز شاہین شاہ آفریدی نے آسٹریلوی بلے باز ڈیوڈ وارنر کو آؤٹ کرنے کے بعد انہیں تھپکی دی۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان لاہور ٹیسٹ کے چوتھے روز کے کھیل میں آسٹریلیا کی 96 رنز پر پہلی وکٹ گرگئی۔
فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے ڈیوڈ وارنر کو 51 رنز پر بولڈ کردیا اور بڑی وکٹ لینے پر خوشی کا اظہار کیا لیکن اسی دوران دو مخالف ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان دوستی بھی دیکھنے میں آئی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہین کے اس عمل کی ویڈیو بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شاہین نے وکٹ لینے کے بعد جہاں دیگر ساتھی کھلاڑیوں سے داد وصول کی وہیں قریب سے گزرتے ہوئے وارنر کو تھپکی بھی دی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی شاہین اور ڈیوڈ وارنر کا آمنا سامنا ہونے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔
تیسرے روز کے میچ کے اختتامی مراحل میں وارنر نے شاہین آفریدی کی گیند پر چوکا لگایاتھا ، اگلی ہی گیند پر شاہین نے باؤنسر کرایا تو وارنر نے اسے سمجھداری سے روکا تھا،گیند پھینکتے ہی شاہین دوڑ لگاتے ہوئے وارنر کے بالکل قریب جاکر رکے اور دونوں ایک دوسرے کو دیکھتے رہے۔