Time 25 مارچ ، 2022
کھیل

پانچویں روز کھیلنا آسان نہیں ہوتا لیکن ہمارا ہدف صرف جیت ہے، محمد یوسف

محمد یوسف کا کہنا ہے کہ —سیریز میں مجموعی طور پربیٹرز نے اچھی بیٹنگ کی فوٹو: پی سی بی اسکرین گریب
محمد یوسف کا کہنا ہے کہ —سیریز میں مجموعی طور پربیٹرز نے اچھی بیٹنگ کی فوٹو: پی سی بی اسکرین گریب

پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف کا کہنا ہے کہ ہمارے بیٹرز کھیل کے چوتھے روز اچھا کھیلے ، امید ہے آخری دن بھی اسی طرح کھیلیں گے۔

گزشتہ روز آن لائن پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد ہوسف نے کہا کہ کوشش یہی ہے کہ پانچویں روز جیتنے کے لیے جائیں، سیشن ٹو ایشن جائیں گے اور اپنی پوزیشن مستحکم کریں گے۔

انہوں نے کہ سیریز میں مجموعی طور پربیٹرز نے اچھی بیٹنگ کی، آخری روز دونوں ٹیمیں جیت کے لیے جائیں گی اس لیے دلچسپ مقابلہ ہوگا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ نے کہاکہ میرا خیال تھا کہ آسٹریلوی ٹیم 4،5 اوور مزید کھیلے گی اور 380 رنز تک جائی گی لیکن وہ بہادری کا فیصلہ کرتے ہوئے نتیجے کی طرف گئی۔

اس  کے علاوہ انہوں نے کہا کہ  ہم جیتنے کے لیے کھیل رہے ہیں اور بیٹرز اچھی پوزیشن میں ہیں تاہم پانچویں روز کھیلنا آسان نہیں ہوتا  لیکن ہمارا ہدف جیت ہے۔

محمد یوسف نے کہا کہ کمنز اور اسٹارک ٹاپ کلاس بولرز ہیں ان کی ریورس سوئنگ کھیلنا ہو گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ فواد عالم ہی نہیں سب کھلاڑی اس صورتحال سے گزرتے ہیں وہ محنت کر رہے ہیں جلد فارم میں واپس آئیں گے۔

واضح رہے کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے آخری ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز مہمان ٹیم آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز 227 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کردی۔

آسٹریلیا کی جانب سے پاکستان کو آخری ٹیسٹ میچ جیتنے کیلئے 351 رنز کا ہدف ملا جس کے جواب میں پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 73 رنز بنا لیے ہیں اور اسے مزید 278 رنز درکار ہیں۔ 

مزید خبریں :