25 مارچ ، 2022
کہتے ہیں کامیابی آسانی سے نہیں ملتی، کامیابی حاصل کرنے کیلئے انتھک محنت لازمی ہے۔
بالی وڈ میں مسلسل محنت کے بعد اپنا مقام بنانے والے ابھیشیک بچن، ہریتھک روشن، کترینہ کیف، سنجے مشرا اور راج ارجن کا شمار ان فنکاروں میں ہوتا ہے جو کامیابی سے قبل فنی سفر کے آغاز میں مایوسی کا شکار ہوکر دوسرے شعبے میں قسمت آزمانا چاہتے تھے۔
بالی وڈ پر کئی دہائیوں سے راج کرنے والے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن کے بیٹے ابھیشیک بچن بھی کیریئر کے آغاز میں پے درپے فلاپ فلموں کے بعد انڈسٹری کو خیر باد کہنے کیلئے تیار تھے۔
مسلسل ناکامیوں کے بعد ابھیشیک کے دل میں خیال نے جنم لیا کہ آیا مجھے انڈسٹری میں رہنا چاہیے بھی یا نہیں۔ ان خدشات کا اظہار انہوں نے والد سے کیا تو امیتابھ بچن نے ابھیشیک کو حوصلہ بنلد رکھنے کا مشورہ دیا۔
یہی وہ وقت تھا جب ابھیشیک نے فیصلہ کیا کہ ناکامی سے ہر گز دلبرداشتہ نہیں ہوں گے اور مزید محنت سے خود کو بہترین ادکار ثابت کریں گے۔
دور حاضر میں بالی وڈ کی معروف اداکارہ کترینہ کیف فلم ‘نمستے لندن’ کی ریلیز کے وقت خوفزدہ تھیں کہ فلم ناکام ہوجائے گی، ناکامی کے ڈر سے اداکارہ نے انڈسٹری چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔
اپنے ایک انٹرویو میں کترینہ نے اعتراف کیا تھا کہ فلم ‘نمستے لندن’ کی شوٹنگ کے دوران انہیں لگتا تھا کہ فلم بری طرح فلاپ ہوگی اور یہ تاثر ان کے ذہن میں جنم لے چکا تھا کہ وہ صرف خوبصورت چہرہ رکھتی ہیں اور اداکاری سے ان کا کوئی تعلق نہیں جس پر اداکارہ نے فیصلہ کرلیا تھا کہ فلم کے پریمیئر کے بعد وہ واپس چلی جائیں گی۔
لیکن فلم سپر ہٹ ثابت ہوئی جس کے بعد کترینہ کیف کا شمار بالی وڈ کی کامیاب ہیروئنز میں ہونے لگا۔
ہریتھک روشن نے فلم انڈسٹری چھوڑنے کا فیصلہ اس وقت کیا جب فلم وہ ‘جودھا اکبر’ کی شوٹنگ کے دوران خطرناک حادثے کا شکار ہوگئے تھے۔ حادثے سے دل برداشتہ ہوکر ہریتھک نے فلم انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا ارادہ کرلیا تھا۔
اپنے ایک انٹر ویو میں ہریتھک نے بتایا کہ فلم ‘کائیٹ’ کی شوٹنگ سے قبل گھٹنے کا علاج کرانا چاہتے تھے جس پر ڈاکٹرز نے انہیں جواب دیدیا تھا کہ ان کا گھٹنا کبھی ٹھیک نہیں ہوسکتا اور نہ وہ کبھی معمول کے مطابق چل سکیں گے۔
اس بات سے مایوس ہوکر ہریتھک نے اداکاری چھوڑ کر گلوکاری یا بحثیت ہدایت کار اپنی قسمت آزمانے کا فیصلہ کیا تھا۔
بالی وڈ کامیڈی اسٹار سنجے مشرا نے ایک موقع پر انکشاف کیا تھا کہ اپنے والد کی موت کے بعد انہوں نے ایک ڈھابے میں نوکری کرلی تھی، جہاں 150 روپے یومیہ اجرت ملتی تھی۔ لیکن روہت شیٹھی نے اپنی آنے والی فلم میں کردار نبھانے کی آفر کی جس سے سنجے مشرا کی بالی وڈ میں واپسی ممکن ہوئی۔
ساؤتھ انڈین اسٹار راج ارجن بھی ان فنکاروں میں سے ایک ہیں جنہیں فنی سفر کے آغاز میں فلاپ تصور کیا جاتا تھا۔ مزاج بھی دیگر ساتھی اداکاروں سے مختلف تھا، وجہ یہ تھی کہ راج صرف وہی کردار نبھانے کیلئے حامی بھرتے جو ذاتی طور پر انہیں پسند آتے۔
راج ارجن بتاتے ہیں کہ دوسروں سے کام مانگنے میں شرم محسوس ہوتی تھی جس کی وجہ سے وہ اپنا سب کچھ گنوا بیٹھے تھے۔
یہی وہ وجہ تھی جس سے اداکار مایوس ہوگئے تھے لیکن بعد ازاں 2017 میں فلم ‘سیکرٹ سپر اسٹار’ میں بہترین پرفارمنس نے راج ارجن کی زندگی بدل کر رکھ دی۔