’منہ کیوں اترا ہوا ہے؟‘، ق لیگ سے ملاقات کے بعد سوال پر شاہ محمود نے کیا جواب دیا؟

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے لاہور میں اتحادی جماعت مسلم لیگ قائد اعظم (ق) کے رہنماؤں سے ملاقات کی اور وزیراعظم عمران خان کا اہم پیغام پہنچایا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی  سینیئر رہنماؤں پر مشتمل حکومتی ٹیم کے ہمراہ لاہور میں مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری برادران کے گھر پہنچے  تھے جہاں پرویز الٰہی نے ان کا استقبال کیا۔

چوہدری شجاعت اسلام آباد میں ہونے کے باعث ملاقات کا حصہ نہيں تھے جبکہ  چوہدری پرویز الٰہی بھی کچھ دیر بیٹھے پھر اٹھ کرچلے گئے۔

وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ ہی شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک سے ساری بات چیت کرتے رہے، ملاقات ختم ہونے سے کچھ دیر قبل چوہدری پرویز الٰہی دوبارہ شامل ہوگئے جبکہ ملاقات کے بعد شیڈول میڈيا سے گفتگو بھی منسوخ کردی گئی۔

چلتے چلتے شاہ محمود قریشی نے بتایاکہ پرویزالٰہی سے ملاقات بہت اچھی رہی۔

اس دوران صحافی نے سوال کیا کہ ’منہ کیوں اترا ہوا ہے؟‘ اس پر شاہ محمود کا کہنا تھاکہ ہنس رہے ہیں، مسکرا رہے ہیں، میرے چہرے پر کسی قسم کی کوئی مایوسی نہیں، اللہ نے کبھی بھی خالی ہاتھ نہیں بھیجا۔

ایک اور صحافی نے پرویز خٹک سے سوال کیا کہ کیا عمران خان کی حکومت کا پتا تو نہیں کٹ چکا؟  اس پر ان کا کہنا تھاکہ اللہ نہ کرے۔

مزید خبریں :