27 مارچ ، 2022
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے الزام لگایا ہےکہ وزیراعظم عمران خان نے لوگوں کے ٹیکس کا پیساجلسے پر خرچ کیا، اس کا حساب دینا ہوگا۔
گوجرانوالا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ سرکاری وسائل کے استعمال پر آپ کو شرم آنی چاہیے، آپ کو جلسے میں سرکاری وسائل استعمال کرنے کا اختیار کس نے دیا ؟
مریم نواز کا کہنا تھا کہ آپ نے جلسوں میں سرکاری وسائل استعمال کیے، عوام کی محنت کی کمائی جلسوں میں اڑائی جا رہی ہے،کمشنر نے مجھے خود بتایا کہ ہمیں دو دو سو بسیں لانےکا ٹاسک دیا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ نے جلسے میں مذہب کارڈ کا استعمال کیا، جلسے کو امربالمعروف کا نام دے دیا ہے،کیا لوگوں سے روٹی، آٹا، بجلی ، چینی چھین لینا امربالمعروف ہے، لوگوں سے بدتمیزی کرنا کیا امربالمعروف ہے، جتنی قیمت ان کےدور میں ڈیزل کی بڑھی ہے، عمران خان کا نام ڈیزل رکھ دینا چاہیے،2018 میں سب سے بڑے چوہے آپ تھے، اسپیکر کےذریعے آپ آئین کو کتر رہےہیں۔
انہوں نے کہا کہ تاریخ کے بدترین اسکینڈل آپ کی حکومت میں بنےہیں، آپ ڈی چوک میں دوبارہ پہنچ گئے ہیں، آپ کسی بین الاقوامی سازش سے نہیں پہنچے، لوگوں کی بددعاؤں سے پہنچے، آپ کی پارٹی جیسے بنی تھی، ویسے ہی ٹوٹ گئی، کچن چلانے اور جہاز بھر بھرکر لانے والے ساتھیوں نے آپ پر عدم اعتماد کیا، آپ استعفیٰ دیں اور گھر جائیں۔