28 مارچ ، 2022
لاہور: اپوزیشن نے پنجاب میں وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف تحریک عدم اعتماد متحدہ اپوزیشن کی طرف سے جمع کرائی گئی ہے جس میں وزیراعلیٰ کی کارکر دگی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
تحریک عدم اعتماد کی قرارداد پر رانا مشہود، رمضان صدیق، ملک احمد اور میاں نصیر احمد کے دستخط موجود ہیں۔
قرار داد کے متن میں کہا گیا ہےکہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار پر ایوان کی اکثریت کا اعتماد نہیں رہا، پنجاب کے معاملات آئین کے تابع نہیں چلائے جارہے، عثمان بزدار نے پنجاب میں جمہوری روایات کا قلع قمع کیا۔
(ن) لیگ کے رہنما رانا مشہود کا کہنا ہےکہ عدم اعتماد کی تحریک پر(ن) لیگ کے 122 اور پیپلز پارٹی کے 6 ارکان کے دستخط ہیں جب کہ اسمبلی اجلاس بلانے کےلیے ریکوزیشن پر (ن) لیگ کے 100 اور پی پی کے 6 ارکان کے دستخط ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک جمع ہونے کے بعد اب وزیراعلیٰ اسمبلی تحلیل نہیں کرسکیں گے۔
آئین کے تحت اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد جمع کرائے جانے کے بعد اب اسپیکر 14 دن میں اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کے پابند ہیں جب کہ تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن کو اپنے نمبر پورے کرنے ہیں جب کہ حکومت کو بھی 182 نمبر پورے کرنا ہیں۔
واضح رہےکہ اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد اسمبلی میں جمع کرائی جو اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کی جاچکی ہے۔