پرویز الٰہی سے ملاقات میں وزیراعظم نے ان سےکیا کہا ؟

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

مسلم لیگ ق کے رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے  وزیراعظم عمران خان سے بنی گالہ میں اہم ملاقات کی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

خیال رہےکہ پرویز الٰہی ایسے وقت وزیراعظم سے ملاقات کے لیے بنی گالا پہنچےتھے جب قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پیش کی جاچکی ہے اور پنجاب اسمبلی میں بھی وزیراعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرادی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آپ ہمارے اتحادی ہیں، ہمارا ساتھ نہ چھوڑیں، جس پر پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں سے ملاقاتیں جاری ہیں، تمام فیصلے جماعت کی مشاورت سے کریں گے۔

مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ پرویزالٰہی وزیراعظم کی بات سننےگئے ہیں کوئی فیصلہ کرنےنہیں گئے، وزیراعظم سے ملاقات کے بعد پرویز الٰہی دیگر اتحادیوں کو ملاقات سے آگاہ کریں گے، جو بھی فیصلہ ہوگا اتحادیوں کی مشاورت سے ہوگا۔

دوسری جانب وزیرمملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے دعویٰ کیا ہے کہ چوہدری پرویز الٰہی کی وزیراعظم عمران خان کے ملاقات میں تمام معاملات طے ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ ق لیگ نے وزیراعظم پر اعتماد کا اظہاراورحمایت کا اعلان کیا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم کو پیش کردیا اور وزیراعظم عمران خان نے چوہدری پرویز الٰہی کو پنجاب کا وزیراعلیٰ نامزد کرلیا ہے۔

مزید خبریں :