پاکستان

حکومت کی ایم کیو ایم کو ایک اور وزارت دینے کی پیشکش، دفاتر کھولنے پر بھی آمادہ

پارلیمنٹ لاجز میں ہونے والی ملاقات میں حکومتی وفد نے باضابطہ طور پر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کو ایک اور وزارت اور ان کے سیاسی دفاتر کھولنے کی پیشکش کردی۔

حکومتی وفد اور ایم کیو ایم رہنماؤں کی پارلیمنٹ لاجز میں ملاقات ہوئی۔ ذرائع کے مطابق حکومتی وفد نے باضابطہ طور پر ایم کیو ایم کو ایک اور وزارت کی پیشکش کردی ہے۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے ایم کیو ایم کو وزارت بحری امور کی پیشکش کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے ایم کیو ایم کے دفاتر سمیت دیگر مطالبات بھی مان لیے ہیں اور ایم کیو ایم سے ماضی میں کیے گئے تمام وعدوں کی تکمیل کی بھی گارنٹی دے دی۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے فیصلے کیلئے وقت مانگ لیا ہے۔ اس حوالے سے ایم کیو ایم کے رہنما وسیم اختر نے کہا کہ فی الحال ایم کیو ایم کا حکومت یا اپوزیشن کی طرف کوئی جھکاؤ نہیں اور ایم کیو ایم نے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

خیال رہے کہ ایم کیو ایم نے اب تک فیصلہ نہیں کیا ہے کہ وہ تحریک عدم اعتماد میں حکومت کے ساتھ ہے یا اپوزیشن کے ساتھ جبکہ دیگر اتحادی جماعتوں بلوچستان عوامی پارٹی نے اپوزیشن کی حمایت کا اعلان کردیا ہے جبکہ ق لیگ بھی اس معاملے پر منقسم ہے۔

مزید خبریں :