29 مارچ ، 2022
اسلام آباد: مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے پارٹی میں اختلافات کی خبروں پر بیان جاری کردیا۔
چوہدری شجاعت حسین نے اپنے بیان میں کہا ہےکہ تمام سیاسی فیصلے میری مشاورت سے ہوئے اور میری مکمل حمایت حاصل ہے، ہمارا خاندان اور جماعت ایک ہی پیج پر ہیں، اس لیے جو افواہیں چل رہی ہیں اور چلوائی جارہی ہیں وہ غلط ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی یا گھر میں تمام فیصلے میری مشاورت اور رضامندی کے ساتھ ہوتے ہیں، وضاحت پریقین نہیں رکھتا، کہنا چاہوں گاکہ مجھے خاندان کا سربراہ سمجھا جاتا ہے۔
چوہدری شجاعت کا کہنا تھا کہ پیسے کے لین دین کے لفظ کا استعمال نہیں ہونا چاہیے، خاص کر پڑھے لکھے لوگ پیسے کےلین دین کی بات پسند نہیں کرتے، غلط قسم کا پروپیگنڈا کرنا یا کروانا، حقائق کوجوڑ توڑ کرپیش کرنا یا کروانا بھی نہایت نامناسب ہے۔
(ق) لیگ کے صدر نے مزید کہا کہ مجھے بتایا گیا ہےکہ آپ کےخاندان میں اختلافات ہیں، اس بات میں کوئی صداقت نہیں، ہمارا خاندان 50 سال سے پنجاب ہی نہیں پاکستان کے تمام اضلاع میں پھیلا ہوا ہے، اللہ کو حاضر وناظرجان کر کہتا ہوں فیصلے میری رضامندی سے کیے جاتے ہیں، اختلافات کا پروپیگنڈا کرکےجو سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں انہیں مایوسی ہوگی۔
واضح رہےکہ گزشتہ روز چوہدری پرویز الٰہی کی بطور وزیراعلیٰ پنجاب نامزدگی کےبعد (ق) لیگ میں اختلافات کی خبریں سامنے آئی تھیں۔