30 مارچ ، 2022
اسلام آباد: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری کا کہنا ہےکہ پیپلزپارٹی سے معاہدے میں وزارتوں اور گورنر شپ کا کوئی ذکر نہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں فیصل سبزواری نے کہا کہ ایک معاہدہ ہونا ہے، ایک ایک نکات پر سیرحاصل بحث ہوئی ہے، معاہدے کے تمام نکات عوامی ہیں، رابطہ کمیٹی سے معاہے کی توثیق لیں گے جب کہ پیپلز پارٹی اپنی سی ای سی سے توثیق لے گی۔
انہوں نے کہا کہ کسی حد تک کہہ سکتے ہیں کہ معاملات طے ہوگئے ہیں تاہم توثیق رابطہ کمیٹی کرے گی، حکومت کے ساتھ بھی معاہدہ تحریری کیا تھا، اس میں شہری لوگوں کے مفادات تھے، اس معاہدے کو پبلک کیا تھا جب کہ اپوزیشن کے ساتھ ابھی جو معاہدہ ہوا ہے وہ بھی لکھا ہوا ہے۔
ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ ہم سیاسی انتہا پسند نہیں ہیں، ہم نے تحریک انصاف کے ساتھ اچھا وقت گزارا، کیاحاصل ہوا، کیا نہیں ہوا اور آگےکیا امکانات ہیں، اس پر حلقے کے مسائل کی روشنی میں مذاکرات کیے۔
فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ معاہدےمیں سندھ اور خاص کر شہری حقوق کی بات ہے، معاہدے میں وزارتوں اور گورنر شپ کا کوئی ذکر نہیں جب کہ بلاول بھٹو بلدیاتی تحفظات پر جلد از جلد قانونی سازی کرائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ ہمای تحریک انصاف سے دشمنی ہونے جارہی ہے۔