02 اپریل ، 2022
پروگرام آج شاہزیب خان زادہ کے میزبان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں سردیوں کا پھر تذکرہ کیا اورکہا کہ کابینہ کو بتادیا تھا کہ 2021 کی سردیاں مشکل ہوں گی، انہیں سازش کا علم ہوگیا تھا، امریکی سفارتکار ہمارے ناراض لوگوں سے کیوں مل رہے تھے؟
شاہزیب خانزادہ نے بتایا کہ امریکی سفارتکار نے شہباز شریف اور مریم نواز کے ساتھ ساتھ اسی روز پرویز الٰہی سے بھی ملاقات کی مگر وہ عمران خان کے وزارت اعلیٰ کے امیدوار بن گئے۔
جیو نیوز کے اینکر کے مطابق عمران خان نے خود 2014 کے دھرنے کے دوران امریکی سفیر رچرڈ اولسن سے بنی گالہ میں ملاقات کی، پھر ستمبر 2015 میں دوبارہ رچرڈ اولسن سے بنی گالہ میں ملاقات کی۔
شاہزیب نے مزید بتایا کہ 2018 میں وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے سے پہلے عمران خان نے قائم مقام امریکی سفیر جان ہوور سے ملاقات کی، اس طرح عمران خان نے خود اپوزیشن میں ہوتے ہوئے امریکی سفارت کاروں سے تین مرتبہ ملاقاتیں کیں۔