Time 02 اپریل ، 2022
پاکستان

’وزیر قانون فواد چوہدری اپوزیشن جماعتوں کو کالعدم کرنے کی ہدایت دیں تو نوٹیفائی کر دوں‘

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ وزیر قانون فواد چوہدری اپوزیشن جماعتوں کو کالعدم قرار دینے کی ہدایت دیں تو میں انہیں نوٹیفائی کر دوں۔

شیخ رشید نے اپنی پریس کانفرنس میں اپوزیشن جماعتوں کو کالعدم قرار دینے اور غیر ملکی پیسے لیکر تحریک عدم اعتماد لانے والوں کے خلاف غداری کا مقدمہ چلانے کا اشارہ دیا تھا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا پاکستان کی سیاسی صورت حال ہر گھنٹے تبدیل ہوتی رہے گی، میں دیکھتا ہوں کہ یہ لوگ ملک کیسے چلاتے ہیں۔

اب وزیر داخلہ شیخ رشید کا ایک اور بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے بتایا کہ فواد چودھری اب وزیر قانون ہیں۔

یاد رہے چند روز قبل ایم کیو ایم پاکستان کی حکومت سے علیحدگی کے اعلان کے بعد بیرسٹر فروغ نسیم نے وفاقی وزیر قانون کی سیٹ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

شیخ رشید کا کہنا ہے کہ وزیر قانون فواد چوہدری اپوزیشن جماعتوں کو کالعدم قرار دینےکی ہدایت کریں تو میں انہیں نوٹیفائی کر دوں گا۔

یاد رہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی میں جمع کروا رکھی ہے جس پر بروز اتوار 3 اپریل کو ووٹنگ متوقع ہے۔

تاہم گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے ایک بیان میں کہا تھا کہ آخر تک ان چوروں کا مقابلہ کروں گا اور عدم اعتماد والے روز اپوزیشن کو سرپرائز دوں گا۔

مزید خبریں :