Time 03 اپریل ، 2022
پاکستان

بیرونی سازش سے متعلق خط ہی مشکوک نکلا، متن میں ردوبدل کا انکشاف

عمران خان کی جانب سے بیرونی سازش کے حوالے سے جس مبینہ خط کا دعویٰ کیا گیا تھا اس میں تبدیلیاں کیے جانےکا انکشاف ہوا ہے۔

وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق جس خط کو بین الاقوامی سازش کی بنیاد بنایا گیا ، جس کی بنیاد پر اسمبلی تحلیل کی گئی وہ خط اصلی نہیں، بلکہ  سفارت کار کے بھیجے گئے متن کو وزارت خارجہ میں دوبارہ تحریر کیا گيا، اس میں کچھ چیزيں شامل کی گئيں،کچھ الفاظ شامل کیےگئے ، اس میں جعلسازی کاعنصر بھی شامل ہے ، یہ وہ متن ہے ہی نہيں جو  سفارت کار  نے بھیجا تھا،  اب اگر تحقیقات ہوں گی تو نئے پہلو سامنے آئيں گے۔ 

خیال رہےکہ آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں  ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 5 کے تحت کسی بھی غٖیر ملکی طاقت کے کہنے پر حکومت تبدیل نہیں کی جا سکتی لہذا اپوزیشن کی 8 مارچ کو وزیراعظم کے خلاف پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد کو آئین سے انحراف قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کر دیا جاتا ہے اور قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کیا جاتا ہے۔

بعد ازاں پارٹی رہنماؤں سے گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ نیشنل سکیورٹی کمیٹی کا جو اجلاس ہوا اس میں آرمی چیف سمیت تمام سروسز چیفس تھے، جو پیغام ہمارےسفیر کو دیا گیا وہ سلامتی کمیٹی کی میٹنگ میں زیربحث آیا، سلامتی کمیٹی کی میٹنگ میں بتایا گیا کہ یہ بیرونی سازش ہے۔

عمران خان نے کہا کہ جو لوٹے ہوئے ان سے سفارتخانے کے لوگ باقاعدہ ملتے تھے ان کا کیا کام؟ تحریک عدم اعتماد بیرون ملک کی سازش تھی یہ سارا ایک کنکشن تھا۔

مزید خبریں :