04 اپریل ، 2022
آسٹریلوی کپتان ایرون فچ کا کہنا ہے کہ وہ پاکستانی اسکپر بابر اعظم کو آسٹریلوی لیگ بگ بیش میں دیکھنا چاہتے ہیں۔
پاکستان سے کھیلے جانے والے آخری ایک روزہ میچ میں شکست کے بعد ہونے والی پریس کانفرنس میں ایرون فنچ نے بابر اعظم اور پاکستانی کھلاڑیوں کی دل کھول کر تعریف کی۔
فنچ نے کہا کہ میں نے بابر سے پوچھا کہ 'کیا وہ بگ بیش لیگ میں میلبرن رینی گیڈز کے لیے کھیلنے میں دلچسپی رکھتا ہے، جس پر بابر نے رضامندی کا اظہار کیا اور اب ہم اس سے معاہدہ کریں گے'، ساتھ ہی آسٹریلوی کپتان نے مسکراتے ہوئے کہا کہ 'میں مذاق کررہا ہوں'۔
کینگروز کپتان نے کہا کہ 'اگر دنیا بھر کے ورلڈ کلاس پلیئرز ہماری ڈومیسٹک لیگ کا حصہ ہوں گے تو ہمیں خوشی ہوگی، بلا شبہ بابر ٹی ٹوئنٹی سمیت ون ڈے فارمیٹ کے لیے دنیا کا بہترین کھلاڑی ہے۔'
انہوں نے کہا کہ 'اگر بابر بگ بیش لیگ کے لیے دستیاب ہوا تو کوئی بھی اسے اپنے ساتھ کھلانے کے لیے تیار ہوگا اور ناصرف بابر بلکہ دیگر پاکستانی کھلاڑیوں کو بھی بگ بیش میں شامل ہونا چاہیے، ہم انہیں دل کھول کر خوش آمدید کہیں گے'۔
ایرون فنچ کا کہنا تھا کہ 'پاکستان میں کرکٹ کا ٹیلنٹ غیر معمولی ہے، اسی لیے مجھے لگتا ہے کہ جب پاکستانی کھلاڑیوں کو ہماری لیگز میں کھیلنا کا موقع ملے گا تو دنیا کی کرکٹ میں بہتری آئے گی '۔