04 اپریل ، 2022
بھارت کی مشہور فلم ’باہو بلی‘ میں اداکاری کر کے دنیا بھر میں شہرت سمیٹنے والے پرابھاس کچھ ماہ تک فلموں کی شوٹنگ نہیں کرپائیں گے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم رادھے شیام میں نظر آنے والے پرابھاس آئندہ 3 مہینوں تک گھٹنے کی سرجری کے باعث فلموں کی شوٹنگ سے دور رہیں گے۔
رپورٹس کے مطابق فلم ساہو کی شوٹنگ کے دوران پرابھاس کے گھٹنے میں چوٹ آئی تھی اور انہیں ڈاکٹروں کی جانب سے سرجری کا مشورہ دیا گیا تھا لیکن اداکار نے اپنے کام کو پورا کرنے کے لیے اسے ملتوی کردیا تھا۔
تاہم اب پرابھاس کی جانب سے گھٹنے کی سرجری کروانے کا فیصلہ کیا گیا جس کی وجہ سے اداکار مکمل صحت یاب ہونے تک اگلے 3 مہینوں تک فلموں سے دور رہیں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار کی سرجری کی وجہ سے سالار اور پروجیکٹ کے جیسی کچھ بڑی فلموں کی شوٹنگ کچھ عرصے کیلئے متاثر ہونے کا خدشہ ہے تاہم امید کی جارہی ہے کہ پرابھاس مکمل صحت یاب ہونے کے بعد شوٹنگ کو مکمل کریں گے۔