06 اپریل ، 2022
اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی نے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے اختیارات واپس لے لیے۔
اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق پنجاب اسمبلی آرٹیکل 235 کے تحت ڈپٹی اسپیکر کے اختیارات واپس لے لیےگئے ہیں۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ اختیارات اسپیکر کی ہدایات پر واپس لیے جا رہےہیں، نوٹیفکیشن کی کاپی تمام متعلقہ ادراوں کو بجھوا دی گئی ہے۔
ترجمان پنجاب اسمبلی کا کہنا ہےکہ اختیارات واپس لیے جانے کے بعد اب ڈپٹی اسپیکر اجلاس طلب نہیں کرسکتے۔
ترجمان پنجاب اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ ڈپٹی اسپیکر کے احکامات کا کوئی ڈائری نمبریا ریکارڈ نہیں، پنجاب اسمبلی کا اجلاس 16 اپریل کو ہی ہو گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی میں اپنے ہی ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروائی تھی جس کے بعد صوبے میں ایک نیا آئینی بحران پیدا ہو گیا ہے۔
دوسری جانب اپوزیشن بھی اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرانے جارہی ہے۔