08 اپریل ، 2022
وزیر اعظم عمران خان توشہ خانہ سے وصول کیے جانے والے تحائف کی تفصیل بتائیں گے یا نہیں؟ اسلام آبادہائیکورٹ میں تحائف کی تفصیل بتانے کے خلاف حکومتی درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی گئی۔
اسلام آبادہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن 20 اپریل کو حکومتی درخواست پر سماعت کریں گے۔
حکومت نے وزیر اعظم کے تحائف کی تفصیل بتانے سے انکار کرتے ہوئے ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔
اسلام آبادہائیکورٹ حکومت کو دلائل کیلئے تین مواقع دے چکی ہے۔ اٹارنی جنرل نے دسمبر 2021ء میں دلائل کیلئے مزید مہلت کی استدعا کی تھی۔
خیال رہے کہ انفارمیشن کمیشن نے ایک شہری کی درخواست پر وزیراعظم عمران خان کو تحائف کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیا تھا تاہم حکومت نے انفارمیشن کمیشن کا حکم اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا تھا۔
کابینہ ڈویژن کا مؤقف ہے کہ تحائف کی تفصیل کے اجرا سے میڈیا ہائپ اور غیر ضروری خبریں پھیلیں گی، مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات متاثر اور ملکی وقار مجروح ہو گا۔