09 اپریل ، 2022
وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس میں متحدہ اپوزیشن کا اجلاس ہو رہا ہے جس میں قومی اسمبلی اجلاس کی حکمت عملی پر غور کیا جا رہا ہے۔
متحدہ اپوزیشن کے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں شہباز شریف کے چیمبر میں ہو رہا ہے جس میں شرکت کے لیے آصف زرداری، بلاول بھٹو زرداری، خالد مقبول صدیقی، اختر مینگل، شاہ زین بگٹی اور دیگر اپوزیشن رہنما پارلیمنٹ ہاؤس میں موجود ہیں۔
دوسری جانب آج کے اجلاس پر مشاورت کے لیے متحدہ اپوزیشن کے ایک وفد نے اسپیکر قومی اسمبلی سے چیمبر میں ملاقات بھی کی ہے، متحدہ اپوزیشن کی جانب سے آج ہونے والے اجلاس کے ایجنڈے پر اسپیکر سے مشاورت کی گئی۔
یاد رہے کہ دو روز قبل سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی 3 اپریل کی رولنگ کوکالعدم قرار دیتے ہوئے 9 اپریل کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا حکم دیا تھا۔