10 اپریل ، 2022
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کرانے سے انکار کرتے ہوئے مستعفی ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر کے مستعفی ہونے کا فیصلہ وزیر اعظم ہاؤس میں کیا گیا، استعفوں کا فیصلہ توہین عدالت سے بچنے کیلئے کیا گیا، عدالت نے بلایا تو جواب دیں گے، مقررہ وقت سے پہلے ہی مستعفی ہو گئے تھے۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی میں آج صبح ساڑھے 10 بجے سے قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے جس میں وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہونی ہے تاہم اب اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر مستعفی ہوگئے ہیں۔
قبل ازیں ذرائع کا کہنا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر استعفے پر غور کر رہے ہیں۔ آج اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ایک وفاقی وزیر کی تلخی ہوئی، تلخی کا واقعہ پارلیمنٹ میں موجود صدارتی چیمبر میں ہوا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر نے اسپیکر اسد قیصر سے کہا کہ آپ عمران خان کی لائن لیں اپنی لائن نہ لیں۔
ذرائع کے مطابق اس پر اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ میں آئین پاکستان کی لائن لے رہا ہوں، تحریک انصاف میں شمولیت آئین پاکستان کے تحفط کیلئے کی تھی۔