11 اپریل ، 2022
نو منتخب وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کی تشکیل کیلئے اتحادیوں سے مشاورت شروع کردی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ میں مسلم لیگ ن کے 12وزراء اور پیپلزپارٹی کے7وزراء ہوں گے، جے یو آئی کو 4، ایم کیو ایم 2، بی این پی مینگل، اےاین پی کو ایک ایک وزارت دی جائےگی۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ جمہوری وطن پارٹی اور بلوچستان عوامی پارٹی کو بھی ایک ایک وزارت دی جا ئے گی اس کے علاوہ محسن داوڑ، اسلم بھوتانی،طارق بشیر چیمہ کو بھی وفاقی کابینہ میں شامل کیےجانےکا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق ن لیگ کے جن ارکان کو وزارتیں دی جائیں گی ان میں خواجہ آصف، سعد رفیق، خرم دستگیر، احسن اقبال شامل ہیں جبکہ مریم اورنگزیب، شائستہ پرویز ملک، رانا ثنا اللہ کی بھی کابینہ میں شمولیت کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق سینیٹ میں قائد ایوان کیلئے سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کا نام زیر غور ہے۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ پیپلز پارٹی سینیٹ سے شیری رحمان یا مصطفیٰ نواز کھوکھر میں سے کسی ایک کو وزارت دےگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کا نام وزیر خارجہ کیلئے زیر غور ہے جبکہ وزارت کے لیے شازیہ مری کے نام پر بھی غور کیا جارہا ہے۔
جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے بلوچستان یا کے پی میں سے ایک گورنر کا عہدہ مانگ لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب کا گورنر پیپلزپارٹی اور سندھ کا گورنر ایم کیو ایم سے لیے جانےکا امکان ہے، ملک احمد خان اور عطا تارڑ کو مشیر بنائے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی کے عہدے کیلئے نوید قمر کے نام پر غور کیا جارہا ہے جبکہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو ہٹانے پر بھی غور ہورہا ہے۔
ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی بلوچستان نیشنل پارٹی یا بلوچستان عوامی پارٹی سے لیا جائے گا۔