13 اپریل ، 2022
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اپنے مستقبل کے داماد شاہین شاہ کو افطاری پر اپنے گھر مدوعو کیا۔
شاہد آفریدی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ کے ساتھ اپنے گھر پر افطاری کی اور تصویر سوشل میڈیا پر شیئر بھی کی۔
شاہد آفریدی نے تصویر کے ساتھ پیغام لکھا کہ 'افطار کے اوقات میں خصوصی دعائیں کرنی چاہئیں کیونکہ یہ قبولیت کا وقت ہوتا ہے'۔
انہوں نے لکھا کہ 'میں صاف دل سے پاکستان میں امن اور ملک و قوم کی خوشحالی کے لیے دعا کرتا ہوں'۔
دوسری جانب شاہین آفریدی نے افطاری پر مدعو کرنے پر شاہد آفریدی کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ 'ملک کے لیے آپ کی نیک خواہشات و دعائیں اللہ تعالی قبول کرے '۔
خیال رہے کہ شاہد آفریدی کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ بیٹی کا رشتہ طے ہونے کی تصدیق کی جاچکی ہے ۔
شاہد آفریدی نے کہا تھا کہ الحمداللہ بیٹی اور شاہین شاہ آفریدی کا رشتہ طے پاگیا ہے اور شاہین ہی داماد بنیں گے انشاء اللہ۔