14 اپریل ، 2022
اپنی ہی پارٹی کی جانب سے تحریک عدم اعتماد کا سامنا کرنے والے آزاد کشمیر کے وزیراعظم عبدالقیوم نیازی نے استعفیٰ دینے کی پیشکش کی تو عمران خان نے انھیں مستعفی ہونے سے روک دیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے عمران خان سے ملاقات میں شکوہ کیا اور کہا کہ ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد بڑی سازش ہے، آپ کو جو بتایا گیا وہ درست نہیں ہے، اپنے خلاف سازش کو ثابت کروں گا۔
اس موقع پر عمران خان کی جانب سے سردار عبد القیوم نیازی پر اعتماد کا اظہار کیا گیا اور انہیں مستعفی ہونے سے روک دیا گیا۔
دوسری جانب وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی ہے،کمیٹی تمام اسٹیک ہولڈرز کی شکایات کا جائزہ لے کر 14 اپریل کی دوپہر تک فیصلہ کرے گی۔
واضح رہے کہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم عبدالقیوم نیازی کے خلاف تحریک عدم اعتماد وزیرمالیات ماجد خان اور اکبر ابراہیم نےجمع کرائی جب کہ درخواست گزاروں کی جانب سےمتبادل وزیر اعظم کے لیے سردار تنویر الیاس کانام تجویز کیاگیا ہے۔