07 نومبر ، 2012
لاہور … مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کا کہنا ہے کہ کرپشن اور بیڈگورننس پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے راستے میں رکاوٹ ہے، موقع ملا تو پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کا انقلا ب لاکر ملک سے عوام کے مسائل کے خاتمے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کریں گے۔ ماڈل ٹاوٴن لاہور میں میاں نواز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کی ضمنی انتخابات کے حوالے سے مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا ،جس میں مانیٹرنگ کمیٹی نے ضمنی انتخابات کے حوالے سے اپنی رپورٹ نواز شریف کو پیش کی۔ نواز شریف کا کہنا تھاکہ عوام ہماری کارکردگی کی بنیاد پر مسلم لیگ ن کو ووٹ دیں گے اور نون لیگ اقتدار میں آکر کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ دے گی۔ ا نہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کو دوبارہ ترقی اور خوشحالی کے راستے پر گامزن کرنے کیلئے کردار ادا کریں گے، جبکہ عوام الیکشن میں کرپٹ اور بدعنوان عناصر کو بے نقاب کریں گے۔