Time 14 اپریل ، 2022
پاکستان

جمہوری آدمی ہوں اور عمران خان کا ساتھی ہوں، مستعفی وزیراعظم آزاد کشمیر

میں نے اپنا جمہوری فیصلہ لیااور باوقار طریقے سے استعفیٰ دے دیا، پہلے استعفیٰ پارٹی چیئرمین کو بھیجا اور پھر صدر کو بھجوایا، عبدالقیوم نیازی— فوٹو: سوشل میڈیا
میں نے اپنا جمہوری فیصلہ لیااور باوقار طریقے سے استعفیٰ دے دیا، پہلے استعفیٰ پارٹی چیئرمین کو بھیجا اور پھر صدر کو بھجوایا، عبدالقیوم نیازی— فوٹو: سوشل میڈیا

اسلام آباد: وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے اپنے عہدے سے استعفے کے بعد پریس کانفرنس کی اور اس بات کی تصدیق کی کہ انہوں  نے وزیراعظم آزاد کشمیر کےعہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ پارٹی ممبران کی جانب سے عدم اعتماد کی تحریک استعفے کی وجہ ہے، مجھ پر چارج شیٹ میں الزام تک نہ ملا، چلتی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کیوں لائی گئی؟ مجھے معلوم ہوا کہ راتوں رات پیسہ تقسیم ہواہے، چارج شیٹ دی گئی کہ میں نے اپنی پارلیمانی پارٹی کا اعتماد کھو دیا۔

عبدالقیوم نیازی نے مزید کہاکہ عمران خان کی کرپشن اور احتساب کے خلاف جنگ رہی ہے، انتخابات سے دو سال پہلے تحریک انصاف میں شامل ہوا تھا، انتخابات کے بعد مجھے جماعت کی قیادت نے ہی وزیر اعظم بنایا، وزیر اعظم آزاد کشمیر بنانے پر عمران خان کا شکر گزار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ  آزاد کشمیر میں کم عرصے میں بہت ترقیاتی منصوبوں پر کام کیے، میں نے پہلے وزیروں کو فارغ کیا اور  پھر اپنا راستہ لیا، جمہوری آدمی ہوں اور عمران خان کا ساتھی ہوں ، میں نے اپنا جمہوری فیصلہ لیااور باوقار طریقے سے استعفیٰ دے دیا، پہلے استعفیٰ  پارٹی چیئرمین کو بھیجا اور پھر صدر کو بھجوایا۔

اب وزیراعظم کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا

وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔ انہوں نے اپنے خلاف پی ٹی آئی کے ارکان کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد کے جواب میں مستعفی ہوکر ان ہاؤس تبدیلی میں متحدہ اپوزیشن کو بھی شامل کردیا۔

اب عدم اعتماد پر  ووٹنگ کی بجائے نئے سرے سے وزیراعظم کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔

12اپریل کو جمع کرائی گئی عدم اعتماد کی تحریک پر پی ٹی آئی کے25 ارکان کے دستخط موجود تھے جبکہ متبادل وزیراعظم کیلئے پی ٹی آئی کی جانب سے سردار تنویر الیاس کانام تجویز کیا گیا تھا۔

آزاد کشمیر کے عبوری آئین کے آرٹیکل 16 کی ذیلی شق تین کے تحت وزیراعظم آزاد کشمیر کے استعفیٰ کے وقت اسمبلی کا اجلاس جاری ہو تو اسمبلی فوری طور پر نئے قائد ایوان کا انتخاب کرے گی جس کیلئے اسپیکراسمبلی انتخابی شیڈول جاری کریں گے۔

آئین کے تحت نئے قائد ایوان کے انتخاب تک مستعفی وزیر اعظم بدستور اپنے فرائض سرانجام دیتے رہیں گے۔

مزید خبریں :