15 اپریل ، 2022
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے سابق وزیراعظم عمران خان کے توشہ خانے سے گھڑی اور ہار خرید کر بیچنے سے متعلق ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں مریم نواز کا کہنا تھاکہ اصل کہانی یہ نہیں کہ عمران خان نے گھڑی اور ہار پہلے خریدے، پھر بیچ دیے۔
انہوں نے کہا کہ اصل کہانی یہ ہےکہ عمران نے گھڑی اور ہار کتنے میں حکومت سے خریدے اور کتنےمیں بیچ دیے؟
مریم کا کہناتھا کہ سوال یہ ہے کہ وہ تحائف خریدنے کیلئے عمران خان کے پاس پیسے کہاں سے آئے؟ وزیراعظم کی تنخواہ کے علاوہ عمران خان کا کوئی ذریعہ آمدن نہیں تھا۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر اعظم ہاؤس میں سینیئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران کہا کہ میں تصدیق کر سکتا ہوں کہ عمران خان نے توشہ خانے سے تحائف لے کر بیرون ملک فروخت کیے ہیں۔
وزیراعظم نے بیچے گئے تحائف کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے یہ تحائف 14 کروڑ روپے میں دبئی میں فروخت کیے، قیمتی تحائف میں ڈائمنڈ جیولری، بریسلٹ، گھڑیاں اور سیٹ شامل ہیں۔