Time 16 اپریل ، 2022
پاکستان

عوام اور حکومت کے درمیان خلا کو ختم کریں گے: نومنتخب وزیراعلیٰ حمزہ شہباز

اتحادیوں کی مدد سے نیا اسپیکر لائیں گے اورڈپٹی اسپیکر پر تشدد پر ایوان کی ان ہاؤس کمیٹی بنانے چاہیے: حمزہ شہباز— فوٹو: فائل
اتحادیوں کی مدد سے نیا اسپیکر لائیں گے اورڈپٹی اسپیکر پر تشدد پر ایوان کی ان ہاؤس کمیٹی بنانے چاہیے: حمزہ شہباز— فوٹو: فائل 

وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہونے کے بعد حمزہ شہباز شریف نے خطاب میں کہا ہے کہ عوام اور حکومت کے درمیان خلا کو ختم کریں گے۔

قائد ایوان منتخب ہونے کے بعد اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھاکہ ڈپٹی اسپیکر کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،  آج جمہوریت کی فتح ہوئی ہے، ہائیکورٹ نے ڈپٹی اسپیکر کو اختیارات دیے لیکن آج آئین وقانون کا مذاق اڑایا گیا اور ڈپٹی اسپیکرپرحملہ کیا گیا۔

انہوں نے ساتھ دینے پر پی پی کے حسن مرتضیٰ، پی ٹی آئی کے عبد العلیم خان اور جہانگیرترین سمیت دیگر کا شکریہ ادا کیا۔

حمزہ نے اعلان کیا کہ اتحادیوں کی مدد سے نیا اسپیکر لائیں گے اورڈپٹی اسپیکر پر تشدد پر ایوان کی ان ہاؤس کمیٹی بنانے چاہیے اور آج جو ہوا اس کی بھرپور انکوائری ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھاکہ اچھے پولیس افسران اور اچھے بیوروکریٹ لےکرآئیں گے، آج صرف قوم نے توشہ خانے کا حساب مانگا ہے، جب اپنی تلاشی کی باری آتی ہے توکہتےہیں سفارتی تعلقات خراب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم انتقام نہیں لیں گے لیکن قانون اپنا راستہ اپنائے گا، ہماری حکومت عوامی حکومت ہوگی، عوام اور حکومت کے درمیان خلا کو ہم ختم کریں گے۔

خیال رہے کہ پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی اور مار دھاڑ کے بعد ہونے والے وزیراعلیٰ کے انتخاب میں مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوگئے۔

مزید خبریں :