Time 21 اپریل ، 2022
پاکستان

دعا کاظمی کی تلاش میں سانگھڑ میں چھاپہ، بازیاب ہونے والی بچی کوئی اور نکلی

دعا کی گمشدگی کے بعد اہل خانہ کو تاوان کی مختلف کالز موصول ہوئیں، پولیس نے پیغامات بھیجنے والوں کو حراست میں لیا تو انکشاف ہوا کہ میسج شرارتاً کیے گئے تھے— فوٹو: فائل
دعا کی گمشدگی کے بعد اہل خانہ کو تاوان کی مختلف کالز موصول ہوئیں، پولیس نے پیغامات بھیجنے والوں کو حراست میں لیا تو انکشاف ہوا کہ میسج شرارتاً کیے گئے تھے— فوٹو: فائل

کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی سے لاپتہ ہونے  والی 14 سالہ دعا زہرہ کاظمی کی تلاش میں پولیس نے سانگھڑ میں چھاپہ مار کر ایک بچی کو بازیات کرایا تاہم بازیاب ہونے والی لڑکی کوئی اور نکلی۔

پولیس نے شرارت میں تاوان کی فون کالز کرنے والے بعض افراد کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔

دعا کو گھر سے غائب ہوئے 6 روز گزر چکے ہیں اور پولیس نے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کے بعد جلد کامیابی کا دعویٰ کیا ہے۔

دعا کی گمشدگی کے دوران اس کے اہل خانہ کو تاوان کی مختلف کالز موصول ہوئیں، پولیس کی جانب سے پیغامات بھیجنے والوں کو حراست میں لیا گیا تو انکشاف ہوا کہ ملزمان نے تاوان کیلئے میسج شرارت کی غرض سے کیے تھے۔

اس کے علاوہ تفتیش کاروں کو سی سی ٹی وی کی تلاش کے دوران رات کے وقت کی فوٹیج ملی ہے جس میں ایک کم عمر لڑکی کو سڑک پر چلتے اور  پھر  پِک اپ وین میں سوار ہو کر جاتے دیکھا جاسکتا ہے تاہم دعا کے اہل خانہ نے تردید کرتے ہوئے کہا کہ دعا دن کے وقت غائب ہوئی جبکہ یہ سی سی ٹی وی فوٹیج رات کی ہے۔

دوسری جانب تفتیشی حکام نے ضلع سانگھڑ میں کراچی سے پہنچنے والی کم عمر لڑکی کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپے مارے، چھاپہ مار کارروائی کے دوران ایک کم عمر لڑکی تو بازیاب ہوئی تاہم وہ دعا نہیں تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش مختلف پہلوؤں سے جاری ہے امید ہے جلد کامیابی ملے گی۔

مزید خبریں :