Time 23 اپریل ، 2022
پاکستان

نو منتخب وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کی حلف برداری آج متوقع، چیئرمین سینیٹ حلف لیں گے

وزیراعظم ہاؤس نے چیئرمین سینیٹ کو وزیراعلی کا حلف لینے کا مشورہ دیا: ذرائع/ فائل فوٹو
وزیراعظم ہاؤس نے چیئرمین سینیٹ کو وزیراعلی کا حلف لینے کا مشورہ دیا: ذرائع/ فائل فوٹو

لاہور:  نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی حلف برداری آج متوقع  ہے۔

ذرائع کاکہنا ہےکہ اس معاملے پر وفاقی اور پنجاب حکومت کے درمیان خط و کتابت ہوئی ہے جس کے بعد آج نو منتخب وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز کی حلف برداری متوقع ہے۔

ذرائع کےمطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نومنتخب وزیراعلیٰ سے حلف لینے لاہورآئیں گے  جس کے لیے گورنر ہاؤس میں تقریب حلف برداری کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔

ذرائع کاکہناہےکہ ایوان صدر کو ہائیکورٹ کا حکم موصول ہوگیا اور  ایوان صدر نے اس پر وزیر اعظم ہاؤس سے رائے مانگ لی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاؤس نے چیئرمین سینٹ کو وزیراعلی کا حلف لینے کا مشورہ دیا۔

ذرائع کا بتانا ہےکہ نومنتخب وزیراعلیٰٰ کی تقریب حلف برداری افطار کے بعد ہوگی جس میں وزیراعظم شہبازشریف کی بھی شرکت متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کے کوئٹہ کا دورہ مکمل کرکے لاہور پہنچنے کا امکان ہے۔

واضح رہےکہ لاہور ہائیکورٹ نے کل گورنر پنجاب کو حلف برداری سے انکار کے لیے تحریری طور پر آگاہ  کرنے کی مہلت دی تھی تاہم گورنر  پنجاب کی جانب سے جواب جمع نہ کرائے جانے پر عدالت نے صدر کو ہدایت دی تھی کہ وہ وزیراعلیٰ کی حلف برداری کے لیے کوئی اور نمائندہ مقرر کریں۔

مزید خبریں :