23 اپریل ، 2022
پاکستان تحریک انصاف نے ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن پر جانبداری کا الزام عائد کر دیا۔
پی ٹی آئی نے فارن فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن کے رویے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔
وکیل انور منصور خان اور شاہ خاور نے پی ٹی آئی رہنما عامر کیانی کی جانب سے درخواست دائر کی، درخواست میں الیکشن کمیشن کے علاوہ 17 سیاسی جماعتوں کو فریق بنایا گیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں تحریک انصاف کی جانب سے دیگر17 سیاسی جماعتوں کے فنڈنگ کیسز کا فیصلہ بھی ایک ماہ میں کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کے خلاف کارروائی میں جانبداری دکھا رہا ہے، الیکشن کمیشن کو ہدایت کی جائے کہ 17 سیاسی جماعتوں کے کیسز پر بھی ایک ماہ میں فیصلہ کرے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ ایک ماہ میں کرنے کی ہدایت کی تھی جس کے بعد الیکشن کمیشن نے فارن فنڈنگ کیس روزانہ کی بنیاد پر سننے کا فیصلہ کیا۔