دفتر میں کام کیا یا وقت ضائع؟ موبائل کی بیٹری کا اسکرین شاٹ لازمی دینا ہوگا

فوٹو: اسکرین شاٹ
فوٹو: اسکرین شاٹ

کمپنی کی پیدواری صلاحیت کو بڑھانے کیلئے مالکان کئی طریقے اپناتے ہیں لیکن چین میں ایک باس نے ایسا  منفرد طریقہ اختیار کیا جو آ پ نے پہلے کبھی نہیں سنا ہوگا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کے شہر ووہان میں ایک چھوٹی کمپنی کے باس نے حال ہی میں اپنے ملازمین کو حکم دیا کہ وہ کام ختم کرتے ہی گھر جانے سے قبل انہیں اپنے موبائل فون کی بیٹری کا اسکرین شاٹس بھیجیں۔

رپورٹس کے مطابق حالیہ مہینوں میں کمپنی کی خراب کارکردگی کی وجہ سے باس نے فیصلہ کیا کہ وہ اندازہ لگائے کہ  ملازمین  دفتر میں کام کرنے کے بجائے اپنے اسمارٹ فون پر کتنا وقت گزارتے ہیں۔

لہٰذا باس نے اپنے تمام ملازمین کو کہا کہ جب وہ اپنا کام ختم کرکے گھر جائیں تو سب  انہیں اپنے موبائل کی بیٹری کا اسکرین شاٹ بھیجیں تاکہ یہ اندازہ لگایا جاسکے کہ کام کے دوران انہوں نے کتنا کام کیا اور کتنا وقت موبائل استعمال کرتے ہوئے ضائع کیا۔

کمپنی کے ایک ملازم نے  باس کی جانب سے کارکردگی بڑھانے کے اس متنازع طریقہ کو بے نقاب کرنے کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لیا اور بتایا کہ اسے اور دیگر ملازمین کو اپنے کام ختم کرتے ہی موبائل کی بیٹری کا اسکرین شاٹ باس کو روزانہ بھیجنا پڑتا ہے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے باس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور اس اقدام کو  پرائیویسی کے خلاف قرار دیا جبکہ ملازمین کو مشورہ دیا کہ وہ یہ نوکری چھوڑ کر کہیں اچھی جگہ کام کریں۔

رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر تنقید کیے جانے کے بعد کمپنی کے صدر نے ایک بیان دیتے ہوئے کہا کہ' اس طریقے کا مقصد اپنے ملازمین کی پرائیویسی کی خلاف ورزی کرنا نہیں تھا بلکہ اس بات کو یقینی بنا نا تھا کہ اس وجہ سے کمپنی کی پیداواری صلاحیت کو بڑھایا جاسکے'۔ 

مزید خبریں :