25 اپریل ، 2022
کراچی کے علاقے سعود آباد سے لاپتہ ہونے والی ایک اور لڑکی نمرہ کا بھی پتہ چل گیا۔
نمرہ کاظمی 20 اپریل کو سعود آباد ایس ون ایریا سے لاپتہ ہوئی تھی، اس کی والدہ کا کہنا تھا کہ وہ صبح 9 بجے کام سے گئی واپس گھر آئی تو نمرہ غائب تھی، کافی تلاش کے باوجود بیٹی کا کچھ پتہ نہیں چل سکا۔
نمرہ کی والدہ کا کہنا تھا کہ ان کی بیٹی دسویں جماعت کی طالبہ ہے اور اس کے امتحان ہونے والے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق نمرہ کا پتہ چل گیا ہے اور اس نے ڈیرہ غازی خان میں ایک لڑکے سے نکاح کرلیا ہے جس کا نام نجیب شاہ رخ بتایا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہےکہ نمرہ کی نجیب شاہ رخ سے دوستی آن لائن گیم کے ذریعے ہوئی اور وہ ایک ماہ سے اس سے رابطے میں تھی۔
تحقیقات کے دوران پولیس کو ڈیرہ غازی خان سے ایک نکاح نامہ ملا ہے جس میں نمرہ اور شاہ رخ کے نام ہیں، نکاح نامے میں نمرہ کی عمر 18 سال بتائی گئی ہے جب کہ ایف آئی آر میں اس کی عمر 18 سے کم بتائی گئی تھی۔
مبینہ نکاح نامہ کےمطابق کراچی کی نمرہ کاظمی کا نکاح 18اپریل کو تونسہ کے رہائشی نجیب شاہ رخ خان سےہوا۔
پولیس کا کہنا ہےکہ نمرہ کی بازیابی کے لیے کوششیں کررہے ہیں اور اسے جلد بازیاب کرلیا جائے گا جس کے بعد ضروری قانونی کارروائی کی جائے گی۔
خیال رہےکہ کراچی سے لاپتہ ہونے والی 14 سالہ لڑکی دعا زہرہ کے بھی لاہور سے ملنے کی اطلاعات ہیں اور کہا جارہا ہے کہ دعا نے بھی نکاح کرلیا ہے تاہم اس حوالے سے حتمی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔