25 اپریل ، 2022
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سابق حکومت کے دباؤ کا مقابلہ کرنے پرچیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ ستائش کے مستحق ہیں۔
اپنے بیان میں متنازع سے آئینی کردار میں منتقلی پر ہم تمام اداروں کی کاوشوں کی حمایت کرتے ہیں، عمران خان کی سیاست اب ’مجھے کیوں نہیں بچایا‘ کی مہم کے ساتھ اداروں کو نشانہ بنانے کی ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ عمران خان کی سیاست جھوٹ اور پروپیگنڈے پر مبنی ہے۔
پی پی چیئرمین کا کہنا تھاکہ الیکشن کمیشن نے ادارے کو عمران خان کی ٹائیگر فورس میں بدلنے سے انکار کیا، چیف الیکشن کمشنر اپنے ادارے اور آئین کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم پرامید ہیں مستقبل میں مضبوط الیکشن کمیشن کو دیکھیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کا الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاج کا اعلان فارن فنڈنگ کیس میں بلیک میلنگ ہے، عمران خان کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی اور سچ غالب آئے گا۔
خیال رہے کہ پاکستان تحرین انصاف نے 26 اپریل کو ملک بھر میں الیکشن کمیشن کے دفاتر کے باہر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔