28 اپریل ، 2022
پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد آج بھی پیش نہ ہوسکی۔
پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد آج پیش ہونا تھا جس کے لیے اجلاس کا ایجنڈا بھی جاری کیا گیا تھا۔
تاہم اجلاس سے چند منٹ پہلے اسپیکر چوہدری پرویز الٰہی نے اجلاس کو 16 مئی تک ملتوی کردیا۔
یاد رہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد پیش کی جا چکی ہے تاہم اسمبلی قواعد کے مطابق چونکہ دوست محمد مزاری کیخلاف پہلے تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی تھی لہذا اس پر ووٹنگ پہلے ہو گی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہنگامہ آرائی کی نذر ہوگیا تھا جس میں چوہدری پرویز الہٰی بھی نرغے میں آگئے تھے اور تشدد سے زخمی ہو گئے تھے۔
اسی ہنگامہ خیز اجلاس میں مسلم لیگ ن کے حمزہ شہباز شریف 197 ووٹ لیکر وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوئے تھے تاہم وہ اب تک وزیراعلیٰ کا حلف نہیں اٹھا سکیں گے اور صوبہ کئی روز سے بغیر وزیراعلیٰ کے چل رہا ہے۔