07 اپریل ، 2022
پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری اور قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے درمیان ٹوئٹر پر آمنے سامنے آگئے۔
ٹوئٹر پر دوست محمد مزاری نے قاسم سوری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ٹوئٹ کی کہ میں نے قاسم سوری بننے سے انکار کردیا ہے۔
دوست محمد مزاری نے لکھا کہ میں آئین سے غداری کا مرتکب نہیں ہو سکتا، عمران خان مجھ پر چاہے غداری کا لیبل لگا دیں۔
بعد ازاں قاسم سوری نے دوست محمد مزاری کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے ان کی تنقید کا جواب دیا اور لکھا کہ ’ آپ قاسم خان سوری بن بھی نہیں سکتے کیونکہ قاسم خان سوری بننے کے لیے خون میں وفا، بہادری، جذبہ، دھرتی ماں سے محبت، غلامی سے نفرت، ذہنی آزادی، زندہ ضمیر چاہیے ہوتاہے ‘۔
قاسم سوری نے اپنی ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ ’آپ نے ووٹ اور ڈپٹی اسپیکر شپ عمران خان کےنام پر لی اور ضمیر فرنگیوں کے غلاموں کو بیچ دیا آپ ضمیر فروش اور غلام ہیں ‘۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی میں اپنے ہی ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروائی تھی جس کے بعد صوبے میں ایک نیا آئینی بحران پیدا ہو گیا ہے۔
بعد ازاں اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی نے ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے اختیارات واپس لے لیے تھے۔