Time 28 اپریل ، 2022
پاکستان

اسکردو ائیرپورٹ پر بین الاقوامی فضائی آپریشن شروع کرنےکا فیصلہ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان میں سیاحت کے فروغ کی طرف اہم پیش رفت ہوئی ہے، اسکردو ائیرپورٹ پر بین الاقوامی فضائی آپریشن شروع کرنےکا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے مطابق  اسکردو ائیرپورٹ پربین الاقوامی فضائی آپریشن کا آغاز 13 مئی  سے ہوگا۔

ترجمان کا کہنا ہےکہ  پہلی غیرملکی پرواز جرمنی سے اسکردو انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر 13مئی کو لینڈ کرےگی۔

ترجمان نےکہا ہےکہ وزیراعظم کے احکامات پر اسکردو ائیرپورٹ کو انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا درجہ دیا گیا ہے، غیرملکیوں کے اسکردو براہ راست پہنچنے میں سہولت سے ملکی سیاحت میں اضافہ ہوگا۔

پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے اسکردو ائیرپورٹ کو گزشتہ سال ری ڈیزائن کیا گیا اور اسے 22 دسمبر کو پاکستان کے ٹور ازم حب کے طور پر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا درجہ دیا گیا۔

 بین الاقوامی ائیر پورٹ کے طور پر اپ گریڈشن کے بعد اسکردو ائیرپورٹ پر خصوصی چارٹڈ فلائٹ جرمنی کے شہر میونخ سے سیاحوں کو لے کر براہ راست پاکستان کے پہاڑی سلسلے میں واقع اسکردو انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کرے گی۔ 

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات پہلے ہی مکمل کیے جا چکے ہیں۔

اسکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے دو اسفالٹ رن وے ہیں، رن وے 14 ایل/32 آر اور 14 آر/32 ایل 11,944 فٹ (3,641 میٹر) طویل ہیں، تیسرے 8,740 فٹ (2,664 میٹر) طویل اسفالٹ رن وے کو انٹرنیشنل اپ گریڈیشن کے وقت دسمبر2021 میں بند کردیا گیا تھا، اس رن وے کو فی الحال ٹیکسی وے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔

مزید خبریں :