Time 30 اپریل ، 2022
پاکستان

عثمان بزدار اور انکی کابینہ بحال ہوچکی : پی ٹی آئی کا دعویٰ

میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا گورنر پنجاب نے اپنی آئینی ذمہ داری پوری کی ہے جبکہ مراد راس کا کہنا تھا کہ جو بھی ہوا آئین کے مطابق ہوا۔ فوٹو: فائل
میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا گورنر پنجاب نے اپنی آئینی ذمہ داری پوری کی ہے جبکہ مراد راس کا کہنا تھا کہ جو بھی ہوا آئین کے مطابق ہوا۔ فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کا دعویٰ ہے کہ عثمان بزدار بطور وزیراعلیٰ پنجاب بحال ہو چکے ہیں۔

گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے عثمان بزدار کا استعفیٰ آئینی اعتراض لگا کر مسترد کرتے ہوئے اسپیکر چوہدری پرویز الٰہی کو خط لکھ کر آگاہ کر دیا ہے جس کے بعد عثمان بزدار نے کابینہ کا اجلاس بھی فوری طور پر طلب کر لیا ہے۔ 

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما میاں اسلم اقبال کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب نے اپنی آئینی ذمہ داری پوری کی ہے جبکہ مراد راس کا کہنا تھا کہ جو بھی ہوا آئین کے مطابق ہوا اور آج ہونے والے کابینہ اجلاس کی آئینی اہمیت ہو گی۔

میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ  کابینہ بحال ہو چکی ہے، کچھ دیر میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس ہو گا جس میں اہم فیصلے ہوں گے۔

ڈاکٹر مراد راس نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بھی دعویٰ کیا ہے کہ گورنر پنجاب نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور ان کی کابینہ کو بحال کر دیا ہے جس کے بعد کابینہ اجلاس بھی طلب کر لیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ آج لاہور ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں نو منتخب وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کی حلف برداری کی تقریب بھی منعقد ہونی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب سے حلف لینے کی ہدایت کی ہے۔

مزید خبریں :