30 اپریل ، 2022
گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا استعفی آئینی اعتراض لگا کر مسترد کر دیا۔
گورنر پنجاب نے عثمان بزدار کا استعفیٰ مسترد کر کے اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی کو خط لکھ دیا ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے بھی گورنر کا خط موصول ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔
گورنر پنجاب کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ عثمان بزدار کا استعفیٰ آرٹیکل 130کے سب سیکشن آٹھ کے تقاضے پورے نہیں کرتا، عثمان بزدار نے استعفیٰ گورنر کے نام دیا ہی نہیں۔
عمر سرفراز چیمہ نے خط میں لکھا کہ عثمان بزدار نے استعفیٰ وزیراعظم کے نام دیا جو آئینی طور پر غلط ہے۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس فوری بلانے کی تجویز
دوسری جانب پی ٹی آئی کا دعویٰ ہے کہ عثمان بزدار بحیثیت وزیراعلیٰ پنجاب بحال ہو گئے ہیں۔
پی ٹی آئی حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کا استعفیٰ مسترد ہونے کے بعد پنجاب کابینہ بھی بحال ہو گئی ہے، عثمان بزدار کو فوری پنجاب کابینہ کا اجلاس بلانے کی تجویز دے دی گئی ہے۔
ذرائع پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ پنجاب کابینہ کا اجلاس پنجاب اسمبلی میں بلایا جائے گا، پنجاب کابینہ کا اجلاس عثمان بزدار کی زیر صدارت آج ہو گا۔
یاد رہے کہ عثمان بزدار نے 28 مارچ کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا جسے اس وقت کے گورنر چوہدری محمد سرور نے یکم اپریل کو منظور کر لیا تھا۔