پاکستان
Time 30 اپریل ، 2022

’گورنر ہاؤس پر غنڈوں نے قبضہ کر لیا ہے‘، گورنر پنجاب کا صدر مملکت سے رابطہ

اجازت کے بغیر گورنر ہاؤس میں سیکڑوں پولیس اہلکار بھیجے گئے، گورنر ہاؤس پر انتظامی طور پر آئین شکنی کی گئی: عمر سرفراز چیمہ۔ فوٹو: فائل
 اجازت کے بغیر گورنر ہاؤس میں سیکڑوں پولیس اہلکار بھیجے گئے، گورنر ہاؤس پر انتظامی طور پر آئین شکنی کی گئی: عمر سرفراز چیمہ۔ فوٹو: فائل 

لاہور: گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے صدر مملکت سے رابطہ کر کے کہا کہ گورنر ہاؤس پر پولیس کے ذریعے غنڈوں نے قبضہ کر لیا ہے۔

گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے رابطہ کیا اور انہیں کہا کہ گورنر ہاؤس پر پنجاب پولیس کے ذریعے غنڈوں نے قبضہ کر لیا ہے۔

عمر سرفراز چیمہ نے صدر مملکت سے کہا کہ اجازت کے بغیر گورنر ہاؤس میں سیکڑوں پولیس اہلکار بھیجے گئے، گورنر ہاؤس پر انتظامی طور پر آئین شکنی کی گئی۔

گورنر پنجاب نے صدر مملکت سے مزید کہا کہ گورنر ہاؤس میں ہونے والی آج کسی سرگرمی کو گورنر کی اجازت حاصل نہیں ہے۔

یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے حلف لینے کی ہدایت کر رکھی ہے، حمزہ شہباز کی تقریب حلف برداری آج ساڑھے 11 بجے گورنر ہاؤس میں ہو گی جس کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے عثمان بزدار کا استعفیٰ آئینی اعتراض لگا کر مسترد کر دیا ہے جس کے بعد پنجاب میں آئینی بحران مزید سنگین ہو گیا ہے۔

مزید خبریں :