02 مئی ، 2022
کراچی میں گرد آلود تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق کراچی اس وقت گرد آلود تیز ہواؤں کی لپیٹ میں ہے اور شہر میں جنوب مغرب سے ہوائیں 40 کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ دوپہر میں ہواؤں کی رفتار مزید بڑھ سکتی ہے اور کھلے علاقوں میں گردوغبار کے طوفان کی سی کیفیت پیدا ہوسکتی ہے۔
سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ شہر میں گرمی کی شدت میں کچھ کمی آئی ہے اور آج پارہ 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق عید کے دنوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا اور پارہ 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب شہر میں تیز ہواؤں کی وجہ سے ناظم آباد عید گاہ گراؤنڈ میں نماز عید کیلئے لگائے گئے ٹینٹ گرگئے۔