03 مئی ، 2022
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پوری قوم کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن خوشیاں بانٹنے اور اپنے معاشرے کے محروم طبقے کے لیے ایثاروقربانی کا دن ہے۔
عید الفطر کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں صدر پاکستان کا کہنا ہے کہ 'اس دن کا تقاضا ہے کہ ہم ضرورت مندوں، ناداروں، غریبوں اور محتاجوں کی بھرپور مدد کرتے ہوئے انہیں بھی عید کی خوشیوں میں شامل ہونے کا موقع فراہم کریں'۔
انہوں نے کہاکہ' میں عید الفطر کے پر مسرت موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اللہ تعالی سے دعا گو ہوں کہ وہ اس مبارک دن کو تمام پاکستانیوں اور عالم اسلام کے لیے خوشیوں اور آسانیوں کا سبب بنائے۔ آمین'۔
انہوں نے کہاکہ اللہ تعالی کا بے پایاں کرم ہے کہ اس نے ہمیں بھرپور طریقے سے رمضان المبارک میں اجتماعی عبادت کرنے کا موقع ، توفیق عطا فرمائی اور آج عید الفطر کے پرمسرت لمحات میں ہم اس توفیق پر اللہ تعالی کا شکر بجالا رہے ہیں اور خوشی ومسرت کا اظہار کررہے ہیں۔
صدر مملکت نے کہاکہ آیئے آج اس پرمسرت موقع پر ہم عہد کریں اور اللہ تعالی کے حضور دعا کریں کہ عبادت کا جو شوق، ضبطِ نفس کی جو خوبی اور ایثار وقربانی کا جو عملی مظاہرہ ہم نے رمضان المبارک میں کیا وہ ہماری شخصیت اور کردار کا حصہ بن جائے اور ہمیں نہ صرف اپنی ذات بلکہ ملک وقوم کی فلاح وترقی کا سبب بنائے اور ملکی سالمیت و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین