06 مئی ، 2022
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ دو ووٹوں کی اکثریتی حکومت 2 ماہ میں ہی سیاسی طور پر ختم ہو جائے گی۔
ایک بیان میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سامراجی مراسلہ سازش تھا لیکن موجودہ حکومت اسے بے بنیاد اور جعلی کہتی تھی، حکومت آج خود اپنے بیانیے کے خلاف تحقیقاتی کمیشن بنانے کا اعلان کر رہی ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کر رہا ہے، یہ بات ثابت ہو گئی کہ مداخلت سازش سے زیادہ خطرناک ہوتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ن لیگ کی طرف سے جلسوں کی ابتدا جلد الیکشن کی ایک کڑی ہے، دو ووٹوں کی اکثریتی حکومت دو ماہ میں ہی سیاسی طور پر ختم ہو جائے گی۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا امید ہے کہ آج عمران خان لانگ مارچ کی تارِیخ کا اعلان کریں گے، بہتر یہی ہے کہ 31 مئی سے پہلے پہلے نئے انتخابات کا اعلان کر دیا جائے۔