08 مئی ، 2022
انسٹاگرام میں ٹک ٹاک کے مختلف فیچرز کو پہلے ہی کاپی کیا جاچکا ہے مگر بہت جلد میٹا کی زیرملکیت فوٹو شیئرنگ ایپ چینی ایپلیکشن جیسی ہی نظر آئے گی۔
ٹیک کرنچ کی رپورٹ کے مطابق انسٹاگرام کی جانب سے فل اسکرین ورٹیکل ہوم فیڈ کی آزمائش کی جارہی ہے۔
اس نئی تبدیلی کے بعد انسٹاگرام ایپ اوپن کرنے پر صارفین کو ٹک ٹاک کی طرح ویڈیوز یا تصاویر ورٹیکل یا عمودی شکل میں نظر آئیں گی۔
انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسری نے حال ہی میں ٹوئٹر پر ایک ویڈیو میں تصدیق کی تھی کہ تصاویر اور ویڈیوز زیادہ بڑی شکل میں ہوم فیڈ پر نظر آئیں گی۔
انسٹاگرام کی جانب سے ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے کہ فل اسکرین پوسٹ پر ہوم فیڈ کی شکل کیا ہوگی جس میں لائیکس، کمنٹس اور کیپشنز کے فیچر نیچے کی بجائے اوپر ہوں گے۔
اس میں اسٹوریز کا سیکشن تو اوپر نظر نہیں آرہا مگر کمپنی کا کہنا ہے کہ جب صارف اسکرولنگ کرے گا تو اسٹوریز تک رسائی اسکرین کے اوپر نظر آنے لگے گی۔
اسی طرح اسکرین کے نچلے حصے میں سرچ اور صارفین کی اپنی پروفائل سمیت دیگر آپشنز تک رسائی کے لیے ٹیب موجود ہوں گے۔
کمپنی کے مطابق تصاویر اور ویڈیوز پر مشتمل پوسٹس کو فل اسکرین فیڈ کے مطابق ڈھالا جائے گا۔
ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ تبدیلی کب تک صارفین کے لیے متعارف کرائی جائے گی۔
خیال رہے کہ انسٹاگرام کی جانب سے ایسی ہوم فیڈ کا تجربہ حیران کن نہیں جس میں ویڈیو پر ہی توجہ مرکوز کی گئی۔
میٹا کی جانب سے پہلے ہی انسٹاگرام میں مختصر ویڈیوز پر بہت زیادہ کام کیا جارہا ہے جبکہ کریٹیرز کو ریلز کے لیے اچھی ویڈیوز بنانے پر نقد بونس دینے کی پیشکش بھی کی گئی تاکہ وہ ٹک ٹاک ویڈیوز کو اس پلیٹ فارم پر ری پوسٹ نہ کریں۔