Time 08 مئی ، 2022
پاکستان

اداروں کیخلاف سازشی بیانیہ گھڑنے والا اصل میر جعفر ہے، عمران کیخلاف قانونی کارروائی کرینگے: وزیراعظم

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

وزیراعظم شہبازشریف نے عمران خان کے آج ایبٹ آباد میں کیےگئے خطاب کو پاکستان کے خلاف سازش قرار دے دیا۔

ایک بیان میں وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے قومی اداروں کے خلاف سازشی بیانیہ گھڑنے والا اصل میں میر جعفر اور میر صادق ہے، ایبٹ آباد میں آج ریاست پاکستان، آئین اور قومی اداروں کو چیلنج کیاگیا، قانونی کارروائی کریں گے۔

وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ عمران نیازی سیاست نہیں سازش کررہا ہے، یہ سازش پاکستان کے خلاف ہو رہی ہے، ایک شخص کی انا، تکبر اور جھوٹ پر پاکستان قربان نہیں کرسکتے، پہلے عمران نیازی نے پاکستان کی معیشت ڈبونےکی سازش کی، اب خانہ جنگی کرانے کی کوشش کررہا ہے۔

 شہبازشریف کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کی ملک میں خانہ جنگی کرانے کی سازش کچل دیں گے، عمران نیازی آج کے دور کا میر جعفر اور میر صادق ہے جو پاکستان کو لیبیا اور عراق بنانا چاہتا ہے، میرصادق کے ساتھ بھی صادق لگا ہوا تھا جس طرح عمران نیازی کو سرکاری صداقت کا سرٹیفکیٹ ملا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی اسی تھالی میں چھید کررہا ہے جس میں اُس نے کھایا، پاکستان کے بائیس کروڑ عوام، آئین اور قومی ادارے ایک شخص کے غلام نہیں، عمران نیازی عوام کو اپنا غلام بنانا چاہتا ہے، اسے پاکستان کا ہٹلر نہیں بننے دیں گے، عمران نیازی نے بہت جھوٹ بول لیا، اب اسے سچائی کا سامنا کرنا ہوگا۔

مزید خبریں :