09 مئی ، 2022
سعودی وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیاہےکہ رواں سال 65 برس سے زائد عمر کے افراد حج نہیں کرسکیں گے۔
سعودی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس سال کا حج 65 سال سےکم عمر عازمین کے لیے ہوگا، عازمین کو ویکسینیشن کی ساری خوراک مکمل کرانا لازمی ہے، باہر سے آئے عازمین کو روانگی سے 72 گھنٹے قبل ٹیسٹ رپورٹ دینا ہوگی۔
سعودی وزارت کا کہنا ہے کہ عازمین کو مناسک حج ادا کرتے وقت تمام احتیاطی تدابیر پرعمل کرنا ہوگا۔
اعلامیےکے مطابق اس سال دنیابھر سے عازمین حج کی تعداد 10 لاکھ تک ہوگی، یہ تعداد اسلامی ممالک کو دیےگئےکوٹے کے مطابق ہے۔
دوسری جانب پاکستان میں حج درخواستوں کی وصولی آج سے متعلقہ بینکوں میں شروع ہوگئی ہے، حج درخواستیں 13مئی تک نامزد14 بینکوں میں جمع کرائی جاسکیں گی اور 15 مئی کو حج درخواستوں پر قرعہ اندازی ہوگی۔
درخواست کےساتھ 50 ہزار روپے ٹوکن جمع کرانا ہوگا، پاسپورٹ، 3 تصاویر، ویکسین سرٹیفیکٹ اور میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی لازمی ہوگا۔