10 مئی ، 2022
کیا 2009 میں ریلیز ہونے والی ہالی ووڈ فلم 'اواتار' یاد ہے جس نے سب سے زیادہ بزنس کرنے کا ریکارڈ قائم کیا تھا؟
اب 13 سال بعد ڈائریکٹر جیمز کیمرون کی اس فلم اس کےدوسرا حصے یا سیکوئل اواتار 2: دی وے آف واٹر کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے۔
یہ ٹریلر اپریل کے آخر میں ایک ایونٹ اور پھر ڈاکٹر اسٹرینج ان دی ملٹی ورس آف میڈ نس کی اسکریننگ کے دوران دکھایا گیا تھا۔
اب اسے آن لائن جاری کردیا گیا ہے اور دیکھنے سے اندازہ ہوتا ہے کہ جیمز کیمرون ایک بار پھر لوگوں کو دنگ کرنے کے لیے تیار ہیں۔
اواتار 2 کی زیادہ تر عکسبندی زیرآب ہوئی ہے۔
اواتار 2 کو 16 دسمبر 2022 کو دنیا بھر میں ریلیز کیا جائے گا جس میں سام ورتھنگٹن، زوئی سلڈانا، گیووانی ریبیس اور سیگورنی ویور ایک بار پھر جلوہ گر ہوں گے جبکہ کیٹ ونسلیٹ سمیت کئی نئے اداکاروں کی آمد بھی ہوگی۔
خیال رہے کہ لگ بھگ 10 سال تک سب سے زیادہ کمانے والی فلم کا ریکارڈ اواتار کے نام رہا تھا جو 2019 میں ایوینجرز اینڈ گیم نے توڑا۔
مگر مارچ 2021 میں اواتار کو چین میں دوبارہ ریلیز کیا گیا اور اس نے ایک بار پھر سب سے زیادہ کمانے والی فلم کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
فلم کی کامیابی کے بعد جیمز کیمرون نے اس کے 5 سیکوئلز پر کام کرنے کا اعلان کیا تھا مگر مختلف وجوہات کے باعث 13 سال بعد پہلا سیکوئل ریلیز کیا جارہا ہے۔
ویسے فلم کی تیاری میں اتنی تاخیر حیران کن بھی نہیں کیونکہ جیمز کیمرون نے اواتار کی تیاری کا آغاز 1994 میں اس وقت کیا تھا جب انہوں نے اس کا 80 صفحات پر مشتمل مرکزی خیال تحریر کیا۔
اس فلم کی عکسبندی 1997 میں ٹائٹینک کے بعد شروع ہونی تھی مگر ڈائریکٹر جس قسم کی ٹیکنالوجی کے خواہشمند تھے وہ اس وقت انہیں مل نہیں سکی۔
یہاں تک کہ فلم میں جس خلائی زندگی کو دکھایا گیا، اس کے لیے زبان بھی خود تیار کی گئی اور یہ اپنے دور کی مہنگی ترین فلم تھی، جس پر 23 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز خرچ کیے گئے۔
اواتار 2 کے بعد تیسرا حصہ 2024، چوتھا 2026 اور 5 واں حصہ 2028 میں ریلیز کیا جائے گا۔