Time 11 مئی ، 2022
پاکستان

فواد چوہدری نے پاکستان میں سری لنکا سے بدترین صورتحال کا عندیہ دیدیا

پاکستان کو ایک سیاسی معاشی اور انتظامی بحران کا شکار کر دیا گیا ہے: رہنما تحریک انصاف۔ فوٹو: فائل
پاکستان کو ایک سیاسی معاشی اور انتظامی بحران کا شکار کر دیا گیا ہے: رہنما تحریک انصاف۔ فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ 20 مئی سے پہلے الیکشن کا اعلان نہ ہوا تو سری لنکا سے بدترین صورتحال ہو سکتی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا اس حکومت نے اوور سیز پاکستانیوں سے ووٹ کا حق چھیننے کی جرات کی، اس جرات کے لیے ایک لوٹے کو آگے کیا گیا، 90 لاکھ پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنے کی کوشش کی مذمت کرتے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آج ڈالر 190 روپے پر چلا گیا ہے، پاکستان کی معیشت تباہ و برباد ہو گئی ہے، کہا جا رہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کا حال وہ ہو گا جو سری لنکا کی معیشت کا ہوا۔

ایک سوال کے جواب میں سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ زرداری صاحب ای سی ایل سے نام نکلتے ہی دبئی چلے گئے، زرادری صاحب جاتے ہوئے بہت سے بیگ لے کر گئے، معلوم نہیں ان بیگوں میں کیا تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف اور لیگی رہنماؤں کے برطانیہ جانے سے متعلق سوال پر پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ایک کرمنل نے لندن میں سب کو بلایا ہوا ہے اور اجلاس کر رہا ہے، پاکستان کو ایک سیاسی معاشی اور انتظامی بحران کا شکار کر دیا گیا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اگر 20 مئی سے پہلے الیکشن کا اعلان نہیں ہوتا تو سری لنکا سے بدترین صورتحال ہو سکتی ہے۔

مزید خبریں :