Time 11 مئی ، 2022
دنیا

بل گیٹس کووڈ 19 سے متاثر

کووڈ کی تشخیص کے بعد بل گیٹس آئسولیٹ ہوگئے ہیں / رائٹرز فوٹو
کووڈ کی تشخیص کے بعد بل گیٹس آئسولیٹ ہوگئے ہیں / رائٹرز فوٹو

مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس میں کووڈ 19 کی تشخیص ہوئی ہے۔

اس بات کا اعلان بل گیٹس نے ایک ٹوئٹر پوسٹ میں کیا۔

انہوں نے ٹوئٹ میں لکھا 'میرا کووڈ ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور مجھے بیماری کی معمولی شدت والی علامات کا سامنا ہے جس کے بعدآئسولیٹ ہوگیا ہوں'۔

ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے کہا ' میں خوش قسمت ہوں کہ ویکسینیشن ہوچکی ہے اور مجھے ٹیسٹنگ اور بہترین طبی سہولیات تک رسائی حاصل ہے'۔

بل گیٹس کی جانب سے کووڈ سے متاثر ہونے کا اعلان اس وقت کیا گیا جب حال ہی میں انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ان کی دولت نے انہیں اور ان کے پیاروں کو کورونا وائرس سے بچانے میں مدد فراہم کی۔

انہوں نے کہا 'میرے پاس مثالی انٹرنیٹ، بڑے گھر، ایک نجی جہاز ہے جس کے باعث بیمار ہونے کا خطرہ صفر فیصد ہے'۔

بل گیٹس نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ کووڈ 19 سے متاثر کیسے ہوئے مگر انہوں نے کہا کہ ہم اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھیں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہم سب کو دوبارہ کبھی کسی وبا کا سامنا نہ ہو۔

قبل ازیں 2022 کے شروع میں ٹوئٹر پر سوالا ت کا جواب دیتے ہوئے بل گیٹس نے کہا تھا کہ کورونا کی وبا کے خاتمے کے لیے بہتر اور دیرپا ویکسینز تیار کرنا سب سے بڑی سائنسی پیشرفت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت دستیاب ویکسینز بہت زیادہ بیمار ہونے اور موت سے بچانے کے لیے بہترین ہیں مگر وہ ویکسینیشن کے بعد بیمار ہونے سے 100 فیصد تحفظ فراہم نہیں کرتی جبکہ ان کی افادیت کا دورانیہ بھی مختصر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ایسی ویکسینز کی ضرورت ہے جو ری انفیکشن کی روک تھام کئی سال تک کریں۔

مزید خبریں :