11 مئی ، 2022
بھارت میں نئی نویلی دلہن نے سسرال میں بیت الخلاء نہ ہونے پر خودکشی کرلی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تامل ناڈو سے تعلق رکھنے والی27 سالہ خاتون رامیا نے مبینہ طور پر اپنے شوہر کی جانب سے گھر میں بیت الخلا نہ بنانے پر ناراض ہو کر خودکشی کر لی۔
رپورٹس کے مطابق رامیا فارماسسٹ تھی اور ایک پرائیویٹ اسپتال میں کام کرتی تھی، اپنے شوہر کارتھکیان کے ساتھ دو سال سے زیادہ عرصے سے تعلقات میں رہنے کے بعد بالآخر 6 اپریل کو اس کی شادی ہوگئی تھی۔
تاہم شادی کے تقریباً ایک ہفتے بعد رامیا اپنی ماں کے گھر واپس آگئی کیونکہ شوہر کے گھر کوئی بیت الخلاء نہیں تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شوہر نے اسے یقین دلایا کہ وہ بیت الخلاء کی سہولت والا مکان کرائے پر جلد لے گا لیکن مبینہ طور پراس نے اپنا وعدہ پورا نہیں کیا۔بعد ازاں رامیا، مایوس ہوتی گئی اور 6 مئی کو اپنی جان لینے کی کوشش کی۔
رپورٹس کے مطابق رامیاکی ماں نے اسے کمرے میں ساڑھی سے لٹکا ہوا پایا جبکہ اسے سانس لینے میں دشواری ہو رہی تھی جس کے بعد اسے اسپتال لے جایا گیا اور دو دن تک وہاں رکھا گیا لیکن پیر کو اس کی موت ہوگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق خاتون کی جانب سے خودکشی کرنے سے قبل کو پیغام والا کاغذ نہیں لکھا گیا تاہم پولیس کو درج کروائی گئی شکایت میں رامیا کی والدہ نے الزام لگایا کہ شوہر کے گھر بیت الخلاء نہ ہونے کی وجہ سے میری بیٹی پریشان تھی اور یہی خودکشی کی بھی وجہ بنی۔
اس کے علاوہ تحقیقات سے یہ بھی معلوم ہوا کہ دلہن کے والد اس رشتے سے راضی نہیں تھے جس کی وجہ سے انہوں نے شادی میں شرکت بھی نہیں کی تھی۔